ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل : کونکن ریلوے بورڈ مانسون کےلئے تیار: مسافروں کی حفاظت کےلئے مختلف اقدامات

بھٹکل : کونکن ریلوے بورڈ مانسون کےلئے تیار: مسافروں کی حفاظت کےلئے مختلف اقدامات

Sat, 05 Jun 2021 12:06:15    S.O. News Service

بھٹکل:5؍جون(ایس اؤ نیوز) کونکن ریلوے بورڈ کی جانب سے مانسون کو لے کر بورڈ کی طرف سے کونکن پٹی پر چلنے والی ٹرینوں کے لئے  یکم جون سے 31اگست تک کے اوقات جاری کرتےہوئے کہاہے کہ  اس مرتبہ بورڈ نے مسافروں  کی حفاظت کے لئے خاص   تحفظاتی اقدامات کئے ہیں اور  ریلوے لائن (پٹری) کی نگرانی اور حفاظت کو  ترجیح دی  جارہی ہے۔

بورڈ رابطہ عامہ کے نائب جنرل مینجر گریش کرنڈیکر نے بتایا کہ پٹری کے قریب والے پہاڑوں اور بارش کا پانی جن نالیوں سے بہتا ہے اس پر زیادہ توجہ دی جارہی ہے۔ پچھلے چند برسوں سے پٹری پر بڑے بڑے پتھر، مٹی گرنے کے واقعات میں کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مانسون کے دوران کونکن ریلوے لائن پر 681عملہ گشت کرے گا۔ حساس علاقوں میں دن بھر عملہ تعینات رہے گااور ایسی جگہوں پر ریلوے کی رفتار کم کی جائے گی، ضروری مواقع پر مٹی نکالنے کے لئے مشینوں کو تیار رکھے جانےکی جانکاری دی ۔

تیز بارش کے دوران میں لوکوپائلٹ  کو ہدایت دی گئی  ہے کہ وہ اپنی ٹرین کی رفتار فی گھنٹہ 40کلو میٹر رکھیں۔ رتنا گری اور ویرنا میں حادثاتی  اشیاء اور میڈیکل سواریوں کو تیار رکھاگیا ہے ، جس میں آپریشن سمیت مختلف طبی سہولیات اور انتظامات دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ عملے کو موبائیل فون ، لوکو پائلٹ اور سکیورٹی عملے کو واکی ٹاکی مہیا کئے گئے ہیں، فی کلو میٹر فوری رابطہ ساکٹ کا انتظام کیاگیا ہے۔ جس کے ذریعے ضروری مواقع پر عملے کے ساتھ رابطہ کرنےمیں آسانی ہوگی ۔ سبھی مین سگنل پر ایل ای ڈی بلب بدلے گئے ہیں۔

اسی طرح کونکن ریلوےلائن کے 9ریلوے اسٹیشنوں پر بارش کی پیمائش کرنےو الے خود کار مشین نصب کئے گئےہیں۔ جن میں ریاست کے کاروار ، بھٹکل اور اُڈپی ریلوے اسٹیشن شامل ہیں۔ جب کبھی بہت زیادہ بارش ہوتی ہے تو یہ مشینیں افسران کو پیغام بھیجیں گی ۔ کاروار کے کالی ندی برج، گوا کے وشیشٹی ندی برج اور مہاراشٹرا کے ساویتری ندی برج پر سیلاب  خطرے کی گھنٹی دینے والے مشینوں کو نصب کئےجانے کی افسران نے جانکاری دی ۔


Share: